CorelDRAW میں رسالے کا ٹائٹل تیار کریں
رسالے کا ٹائٹل تیار کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے آئیڈیاز پر عمل کیا جاتا ہے۔ مثلاً ایک آئیڈیا یہ ہے کہ شمارے میں جو مضمون سب سے اہم ہو اس کے متعلقایک بڑی سی تصویر نمایاں کر کے ٹائٹل پر استعمال کی جاتی ہے، جبکہ کم نوعیت کے مضامین کا تذکرہ مختصر انداز میں کیا جاتا ہے۔ دوسرا آئیڈیا یہ ہے کہ شمارے کے چند خاص مضامین کے متعلق نمایاں تصاویر ٹائٹل پر دکھائی جاتی ہیں۔ اس ٹٹوریل میں ہم اس دوسرے آئیڈیے پر عمل کرتے ہوئے مختلف تصویروں پر مشتمل ایک ٹائٹل تیار کریں گے۔ ان تصویروں کو ٹرانسپرنسی ایفیکٹ کی مدد سے آپس میں مدغم کیا جائے گا، اور پھر ان پر مضامین کے عنوانات لکھے جائیں گے۔
نوٹ: ٹائٹل کا سائز مقرر کرتے وقت یہ خیال رہے کہ پرنٹنگ پریس میں چھپائی کے بعد اس کی کٹائی ہوگی اور اضافی پیپر کاٹ دیا جائے گا۔ چنانچہ ڈیزائن اس طرح سے تیار کریں کہ کٹائی کے بعد یہ برا نظر نہ آئے۔ بہتر یہ ہے کہ کمپیوٹر سے منسلک پرنٹر کے ذریعے پرنٹ کر کے ٹائٹل کو اصل سائز کے مطابق کاٹ کر تسلی کر لیں۔ نیز اس ٹٹوریل میں صرف ٹائٹل کا سامنے والا حصہ تیار کیا گیا ہے، جبکہ اصل ٹائٹل تیار کرتے وقت آپ اس کا آخری صفحہ بھی تیار کریں گے جس پر عموماً اشتہار وغیرہ شائع کیا جاتا ہے۔ آئیں ٹائٹل کی تیاری کا عمل دیکھتے ہیں۔
سب سے پہلے ہم ایک تصویر کورل ڈرا میں امپورٹ کریں گے جسے ٹائٹل کی بیک گراؤنڈ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اس کے لیے:
- اوپر ٹول بار پر موجود Import آپشن کی مدد سے مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لائیں۔
- ممکن ہے تصویر بڑی ہو اور اسکرین کے باہر کی طرف پھیلی ہو۔ اسے سامنے لانے کے لیے Zoom ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے To Fit آپشن منتخب کریں۔
- جب مکمل تصویر سامنے آجائے تو کسی بھی کنارے پر موجود سلیکشن ہینڈل کی مدد سے اس کا سائز تبدیل کریں۔
- پراپرٹی بار پر چوڑائی اور اونچائی کے خانوں میں ویلیوز مہیا کر کے بھی تصویر کا سائز متعین کیا جا سکتا ہے۔
چونکہ یہ ٹائٹل پرنٹنگ پریس بھیجا جائے گا جہاں CMYK رنگوں کی بنیاد پر پرنٹنگ کی جاتی ہے۔ چنانچہ اس ٹائٹل میں استعمال ہونے والی ہر تصویر کو CMYK میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اس کے لیے کورل ڈرا کے Bitmap مینیو میں سے Convert To Bitmap آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ اور پھر اس ڈائیلاگ باکس میں Color mode ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے CMYK Color آپشن منتخب کریں۔
اب ہم مزید تصویریں کورل ڈرا میں لائیں گے اور پھر ان تصویروں پر ٹرانسپرنسی ایفیکٹ استعمال کریں گے۔ یہ ٹرانسپرنسی ایفیکٹ اس طرح سے استعمال کیا جائے گا کہ تمام تصویریں آپس میں مدغم (Blend) ہو جائیں۔ اس کے لیے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- ٹول بار پر موجود Import آپشن کی مدد سے مزید تصویریں کورل ڈرا میں امپورٹ کریں۔
- کوئی ایک تصویر منتخب کر کے بائیں طرف موجود ٹول بار میں سے Transparency آپشن منتخب کریں
- اب اس تصویر پر ماؤس کے ساتھ کلک کر کے ڈریگ کریں جس سے اس تصویر پر ٹرانسپرنسی ایفیکٹ لگ جائے گا۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ٹرانسپرنسی ایفیکٹ بائیں سے دائیں ہے۔ جبکہ ہم ٹرانسپرنسی کو گولائی میں لانا چاہتے ہیں تاکہ تصویر اپنے اردگرد موجود دیگر تصویروں کے ساتھ مدغم ہو جائے۔ اسکرین شاٹ کے مطابق:
- پراپرٹی بار پر موجود Transparency Type ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Radial آپشن منتخب کریں۔
- اب اس کے ساتھ موجود Transparency Options بٹن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
- ڈائیلاگ باکس میں From ڈراپ ڈاؤن مینیو سے سیاہ رنگ منتخب کریں، اور To ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے سفید رنگ منتخب کریں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تصویر پر گولائی میں ٹرانسپرنسی ایفیکٹ لگ چکا ہے۔ اس ایفیکٹ کے ہینڈلز استعمال کرتے ہوئے اسے مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ اسی طریقے سے باقی تصاویر پر بھی ٹرانسپرنسی ایفیکٹ استعمال کریں تاکہ تمام تصویریں آپس میں بلینڈ ہو جائیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تمام تصویریں آپس میں اور بیک گراؤنڈ والی تصویر میں مدغم ہوگئی ہیں۔ اسکرین شاٹ کے مطابق:
- بائیں طرف موجود ٹول بار سے Rectangle آپشن منتخب کر کے رسالے کے نام کے لیے باکس بنائیں۔
- Outline Pen ڈائیلاگ باکس میں سے باکس کے گرد بارڈر کی موٹائی اور اس کا رنگ منتخب کیا جا سکتا ہے۔
- Uniform Fill ڈائیلاگ باکس میں سے باکس کی بیک گراؤنڈ کے لیے رنگ منتخب کیا جا سکتا ہے۔
- بائیں طرف ٹول بار پر موجود Shape ٹول کی مدد سے باکس کی گولائی مقرر کی جا سکتی ہے۔
- اسی طرح ٹول بار پر موجود Text آپشن کی مدد سے ٹائٹل پر مختلف عبارتیں لکھی جا سکتی ہیں۔
اگر یہ کسی اردو رسالے کا سرورق ہے تو پھر ان پیج سافٹ ویئر کی لکھائی بھی کورل ڈرا میں استعمال کی جا سکتی ہے، جیسا کہ درج ذیل نمونے کے ٹائٹل میں آپ دیکھ سکتے ہیں۔ کورل ڈرا میں ڈیزائننگ کے دوران آبجیکٹس کو ایک دوسرے کے اوپر یا نیچے لے جانے کے لیے درج ذیل شارٹ کٹس استعمال کیے جا سکتے ہیں:
ایک آبجیکٹ کو کسی دوسرے آبجیکٹ کے اوپر لانے کے لیے Ctrl+PageUp شارٹ کٹ استعمال کریں۔
جبکہ آبجیکٹ کو کسی دوسرے آبجیکٹ کے نیچے لانے کے لیے Ctrl+PageDown شارٹ کٹ استعمال کریں۔