(اہل بیتؓ کی توہین)
جناب یحییٰ بختیار: اچھا، یہ بتائیے، یہ تو ہے حضرت یسوع مسیح کے بارے میں کہا۔ یہ اہل بیت کے بارے میں بھی مرزاصاحب یہی کہہ رہے ہیں کہ نہیں کہہ رہے ہیں؟ حضرت علیؓ کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں وہ؟
جناب عبدالمنان عمر: میں عرض کرتاہوں…
1802جناب یحییٰ بختیار: امام حسینؒ کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں وہ؟
جناب عبدالمنان عمر: مجھے فرمائیے تو میں ایک ایک کا جواب دوں۔
جناب یحییٰ بختیار: ’’پرانی خلافت کا جھگڑا چھوڑ دو۔ اب نئی خلافت لو۔ ایک زندہ علی تم میں موجود ہے اور اس کو چھوڑتے ہو اورمردہ علی کو تلاش کرتے ہو۔‘‘
(ملفوظات ج۲ص۱۴۲)
جناب عبدالمنان عمر: اس میں بھی حضرت مرزا صاحب نے یہ پوائنٹ اٹھایا ہے کہ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے متعلق فرماتے ہیں، حضرت مرز اصاحب کے یہ الفاظ ہیں:
’’ خاکم نثار کوچہ آل محمد است ‘‘ کہ ’’میری تو خاک بھی آل محمد کے کوچے میں نثار ہونے کے لئے ہے۔‘‘ یہ بات جو کہی جارہی ہے۔ وہ یہ ہے کہ بعض لوگ،اہل تشیع میں سے حضرت علیؓ کا ایک ہیولا سا ان کے ذہن میں ہے۔ سب کا نہیں میں کہتا ہوں۔ چند لوگ۔ کچھ لوگ،وہ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے متعلق یہ تصور رکھتے ہیں کہ اصل وحی جو ہے وہ حضرت جبرائیل نے لانی تھی حضرت علی پر اور یہ لے آئے محمدرسول اﷲﷺپر۔