(نبی سے بہتر کا دعویٰ کیونکر؟)
جناب یحییٰ بختیار: وہ کیوں دعوے کرے کہ وہ نبی سے بہتر ہے؟ دیکھیں ناں، آپ خود بتائیے۔۔۔۔۔۔
جناب عبدالمنان عمر: بالکل صحیح ہے۔ میں اس کے متعلق عرض کرتا ہوں کہ میں یہ عرض یہ کررہا تھا کہ وہاں جو آپ نے شعر پیش فرمایا ہے، اُس میں مضمون یہ بیان ہورہا ہے کہ: ’’اِبنِ مریم کے ذِکر کو چھوڑو‘‘ اس وقت تم لوگوں نے یہ جو اُمید لگائی ہوئی ہے کہ کوئی بنی اِسرائیل کا شخص، اُمتِ محمدیہ سے باہر کا شخص اُمتِ محمدیہ کی آکے اِصلاح کرے گا، یہ صحیح بات نہیں ہے۔ بلکہ یہ اِصلاح کا فریضہ جو ہے، وہ اس قسم کا فریضہ ہے کہ مسیح ناصری جو تھے وہ ایک چھوٹی سی قوم کے لئے، ایک محدود وقت کے لئے، مختص الزمان اور مختص المقام، وہ ایک نبی تھے۔ لیکن محمد مصطفیﷺ کا دائرۂ عمل جو ہے، وہ دائرۂ کار جو ہے، وہ ساری دُنیا میں وسیع ہے، وہ عالمگیر نبوّت کے حامل تھے۔
جناب یحییٰ بختیار: دیکھیں، صاحبزادہ صاحب! میں تو آپ سے صاف سوال پوچھ رہا ہوں۔ محمدﷺ کا عیسیٰ علیہ السلام سے مقابلہ ہم نہیں کر رہے، ایک اُن کے اُمتی کا، اُن کے ایک غلام کا۔ کیا کوئی بھی اُمتی غلام کہہ سکتا ہے کہ: ’’میں اُن انبیاء میں سے کوئی بھی ایک ہو، جن کا قرآن شریف میں ذکر ہے، اُس سے بہتر ہوں‘‘؟ کسی لحاظ سے بھی وہ کہہ دے،، کسی لحاظ سے بھی وہ اس کو جائز سمجھتے ہیں؟
جناب عبدالمنان عمر: میں نے عرض کیا کہ یہاں ’’غلام احمد‘‘ سے کسی شخص کی طرف اِشارہ نہیں ہے۔
1648جناب یحییٰ بختیار: ’’احمد‘‘ تو نہیں ہوسکتا ناں، ’’غلام احمد‘‘ کہا اُس نے۔
جناب عبدالمنان عمر: جی نہیں، اپنا نہیں ذِکر کیا۔
جناب یحییٰ بختیار: ’’غلام احمد‘‘ سے مطلب ’’احمد‘‘ ہے؟
جناب عبدالمنان عمر: ہاں۔ نبی کریم۔
جناب یحییٰ بختیار: ہاں، میں سمجھ گیا ہوں۔
اچھا جی، اب آپ یہ فرمائیے، جب وہ یہ فرماتے ہیں کہ:
’’اینک منم کہ حسب بشارات آمدم
عیسیٰ کجا ست تا بنہد پابمنبرم‘‘
(اِزالہ اوہام ص۱۵۸، خزائن ج۳ ص۱۸۰)
یہاں تو ابھی ’’احمد‘‘ نہیں آیا بیچ میں۔ وہ تو صرف خود ہے، اور عیسیٰ کا مقابلہ ہوگیا۔
جناب عبدالمنان عمر: کیا مقابلہ آرہا ہے کہ میرے نزدیک ’’عیسیٰ کجاست‘‘ میرے نزدیک مسیح ناصری فوت ہوچکے ہیں، حضرت مسیح ناصری کہیں بھی موجود نہیں ہیں، وہ زندہ نہیں ہیں۔ اُن کا مسلک یہ ہے، اُن کا عقیدہ یہ ہے۔ اُن کا مذہب یہ ہے کہ حضرت مسیح فوت ہوگئے ہیں۔ تو وہ یہ کہتے ہیں کہ: ’’عیسیٰ کجاست۔‘‘ کہاں ہے وہ عیسیٰ، وہ فوت ہوچکا ہے۔
جناب یحییٰ بختیار: فوت ہوچکے ہیں۔ آنحضرت ۔۔۔۔۔۔ دیکھیں، دیکھیں، صاحبزادہ صاحب! بات سُن لیں ۔۔۔۔۔۔۔ آنحضرتa بھی فوت ہوچکے ہیں۔
جناب عبدالمنان عمر: جی ہاں۔
جناب یحییٰ بختیار: اس لئے مرزا صاحب کہیں گے کہ: ’’میرے منبر پر کوئی نہیں آسکتا‘‘؟ آپ ذرا سوچیں جو آپ جواب دے رہے ہیں۔
جناب عبدالمنان عمر: میں یہی عرض کر رہا تھا جی۔