ختم نبوت اور احادیث نبویہ حدیث نمبر 10
متعدد احادیث میں یہ مضمون آیا ہے کہ آنحضرت ﷺ نے انگشت شہادت اور درمیانی انگلی کی طرف اشارہ کرکے فرمایا:
’’ بعثت انا والساعۃ کھاتین‘‘{مجھے اور قیامت کوان دو انگلیوں کی طرح بھیجا گیا ہے۔}
اس مضمون کی احادیث مندرجہ ذیل حضرات سے مروی ہیں :
۱…… سہل بن سعد ؓ (بخاری ص ۹۶۳ ج ۲‘ مسلم ص ۴۰۶ ج ۲)
۲…… ابوہریرہ ؓ (بخاری ص ۹۶۳ج۲)
۳…… انس بن مالکؓ (بخاری ص ۹۶۳ج۲)
۴…… مستوردبن شداد ؓ( ترمذی ص ۴۴ ج ۲)
۵…… جابربن عبداﷲؓ(مسلم ص۲۸۴ج۱‘نسائی ص۲۳۴ج۱)
۶…… سہل بن حنیفؓ(جامع الاصول ص ۳۸۵ ج ۱۰)
۷…… بریدہ ؓ (مسند احمد ص ۳۴۸ ج ۵)
۸…… ابی جبیرہؓ (مجمع الزوائد ص ۳۱۲ ج ۱۰)
۹…… جابر بن سمرہؓ (مسند احمد ص ۱۰۳ ج ۵)
۱۰…… وہب السوائی ؓ (مجمع الزوائد ص ۳۱۱ ج ۱۰)
۱۱……ابوجحیفہؓ (کنزص ۱۹۵ ج ۱۴ ‘ مسنداحمدص ۳۰۹ ج۴)
ان احادیث میں آنحضرت ﷺ کی بعثت کے درمیان اتصال کا ذکر کیا گیا ہے۔ جس کے معنی یہ ہیں کہ آنحضرت ﷺ کی تشریف آوری قرب قیامت کی علامت ہے اور اب قیامت تک آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں۔ چنانچہ امام قرطبی ؒ’’ تذکرہ ‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’ واما قولہ بعثت انا والساعۃ کھاتین فمعناہ انا النبی الا خیر فلا یلینی نبی آخر وانما تلینی القیامۃ کما تلی السبابۃ الوسطی ولیس بینھا اصبع آخری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ولیس بینی وبین القیامۃ نبی۰ التذکرۃ فی احوال الموتی وامور الآخرۃ ص ۷۱۱‘‘{اور آنحضرت ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ مجھے اورقیامت کو ان دو انگلیوں کی طرح بھیجا گیا ہے۔ اس کے معنی یہ ہیںکہ میں آخری نبی ہوں۔ میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ میرے بعد بس قیامت ہے۔ جیسا کہ انگشت شہادت درمیانی انگلی کے متصل واقع ہے۔ دونوں کے درمیان اور کوئی انگلی نہیں۔۔۔ ۔۔۔ اسی طرح میرے اور قیامت کے درمیان کوئی نبی نہیں۔}
علامہ سندھی ؒ حاشیہ نسائی میں لکھتے ہیں:
’’ التشبیہ فی المقارنۃ بینھما ای لیس بینھما اصبع اخری کما انہ لا نبی بینہ ﷺوبین الساعۃ۰ حاشیہ سندھی ؒ برنسائی ص ۲۳۴ج ۱‘‘{تشبیہ دونوں کے درمیان اتصال میں ہے۔ (یعنی دونوں کے باہم ملے ہوئے ہونے میں ہے) یعنی جس طرح ان دونوں کے درمیان کوئی اورانگلی نہیں اسی طرح آنحضرت ﷺ کے درمیان اور قیامت کے درمیان کوئی اور نبی نہیں۔}
حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب ؒ نے اپنی کتاب ختم نبوت کامل کے حصہ دوم میں دو سو دس احادیث مبارکہ رحمت دو عالم ﷺ کی ختم نبوت پر نقل فرمائی ہیں۔ حضرت مفتی صاحب ؒ کے زمانہ میں بہت کم احادیث شریف کے انڈکس تیار ہوئے تھے۔ آج کل بہت زیادہ انڈکس احادیث پر مشتمل کئی کئی جلدوں کے مل جاتے ہیں۔ ان سے اس موضوع ’’ختم نبوت‘‘ کا کام لیا جائے تو دو صد دس احادیث سے کہیں زیادہ ذخیرہ احادیث ختم نبوت کے موضوع پر تیار ہوسکتا ہے:’’ کم ترک الا ولون لآاخرون۰‘‘