فضائل رمضان
حضرت سہل بن سعد رضى الله عنه سے مروی ہے کہ نبی اکرم صلى الله عليه وسلم نے فرمایا :”جنت کے آٹھ دروازے ہیں جن میں سے ایک دروازے کا نام ریان ہے جس سے صرف روزے دار ہی داخل ہوں گے ۔“( متفق علیہ )
روزہ گناہوں سے بچنے کےلئے ڈھال ہے ، اس سے انسان شہوانی خیالات اور گناہوں کے ارتکاب سے محفوظ ہوجاتا ہے ۔حضرت عبد اﷲ بن مسعود رضى الله عنه سے روا یت ہے کہ رسول اﷲ انے ارشاد فرمایا :
”اے نوجوانوں کی جماعت : جو شخص شادی کرنے کی استطاعت رکھتا ہے اسے چاہیے کہ شادی کرلے کیونکہ شادی سے نگاہ نیچی رہتی ہے اور شرم گاہ محفوظ ہوجاتی ہے۔ اور جس میں شادی کرنے کی استطاعت نہ ہو اسے چاہیے کہ وہ روزہ رکھے ۔ روزے اس کےلئے گناہوں کے مقابلے میں ڈھال ہیں۔“ ( متفق علیہ )
روزہ قیامت کے دن روزہ دار کے حق میں اﷲ تعالیٰ سے سفارش کرے گا ۔ حضرت عبد اﷲ بن عمر سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا :”روزہ اور قرآن قیامت کے دن انسان کی شفاعت کریں گے ۔ روزہ کہے گا :اے میرے رب ! میں نے اسے دن کے وقت کھانے پےنے اور نفسانی خواہشات سے روکے رکھا ، لہٰذا اس کے حق میں میری شفاعت قبول فرما ۔ اور قرآن کہے گا : اے میرے رب ! میں نے اسے رات بھر بیدار رکھا ، لہٰذا اس کے حق میں میری شفاعت قبول فرما ۔پھر ان دونوں کی شفاعت قبول کرلی جائے گی“ ۔( احمد ، حاکم ، بیہقی )