CorelDRAW میں تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کریں
CorelDRAW میں مختلف ٹولز استعمال کرتے ہوئے تصویر کی بیک گراؤنڈ غائب کی جا سکتی ہے۔ یعنی تصویر میں موجود کوئی بھی چیز الگ کر کے اسے کسی نئے ڈیزائن کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ کورل ڈرا میں تصویر کو اس انداز سے Crop کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ Shape ٹول کی مدد سے تصویر کی دیواروں پر Nodes بنائی جاتی ہیں، اور پھر ان نوڈز کے درمیان موجود تصویر کی دیواروں کو آبجیکٹ کی شکل کے اعتبار سے گولائی میں بدلا جاتا ہے۔ یوں آبجیکٹ کے علاوہ تصویر کا باقی حصہ غائب ہو جاتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں ایک تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کر کے اس میں سے کار الگ کی گئی ہے، جسے کسی بھی ڈیزائن میں اس کی بیک گراؤنڈ کے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
درج ذیل آپ دیکھ رہے ہیں کہ کراپ کی جانے والی کار کو ایک رسالے کے سرورق پر استعمال کیا گیا ہے۔

آئیں کورل ڈرا میں تصویر کراپ کرنے کا عمل دیکھتے ہیں:
- اگر آپ اپنا ڈیزائن پرنٹ کے لیے تیار کرنا چاہتے ہیں تو پھر Units ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Inches منتخب کریں، اور اگر یہ ڈیزائن اسکرین کے لیے ہے تو پھر ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Pixels کو پیمائش کے یونٹ کے طور پر منتخب کریں۔
- اس کے بعد اوپر اسٹینڈرڈ بار پر موجود Import آئیکان پر کلک کر کے مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے آئیں۔ امپورٹ آپشن File مینیو میں بھی موجود ہے۔

- پہلے تسلی کر لیں کہ پراپرٹی بار پر تناسب کے اعتبار سے سائز تبدیل کرنے والا آپشن منتخب ہے۔
- امپورٹ ہونے والی تصویر کے لیے سائز مقرر کریں۔
- پھر اسٹینڈرڈ بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے To Fit آپشن منتخب کر کے مکمل تصویر سامنے لائیں۔

درج ذیل اسکرین شاٹ میں تصویر کی بیک گراؤنڈ ختم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے:
- ٹول بار سے Shape ٹول منتخب کریں۔ اس کی مدد سے ہم تصویر کی دیواروں پر Nodes بنائیں گے۔
- تصویر کے جس طرف بیک گراؤنڈ کا زیادہ حصہ ہو، اس کی دیوار پر ماؤس کے ساتھ ڈبل کلک کر کے ایک نوڈ بنائیں۔
- تصویر کے دوسری جانب دیوار پر ڈبل کلک کر کے ایک اور نوڈ بنائیں۔
- اب تصویر کے کونے پر موجود نوڈ کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اندر کی طرف ڈریگ کریں۔

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تصویر کے ایک کونے کی بیک گراؤنڈ کا کافی حصہ غائب ہو چکا ہے۔ اب ہم نے تصویر کی دیواروں پر Shape ٹول کی مدد سے حسب ضرورت نوڈز بنانی ہیں، اور پھر ان نوڈز کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر کار کے کناروں کے بالکل ساتھ لے کر آنا ہے۔
ٹول بار سے Zoom ٹول منتخب کریں، اور پھر تصویر کا ایک حصہ سلیکٹ کر کے قریب لائیں تاکہ اس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکے۔

ہم نے کرنا یہ ہے کہ کار کی گولائی والے حصے کے دونوں طرف نوڈز بنانی ہیں۔ اور پھر ان نوڈز کے درمیان موجود لائن کو کار کی شکل کے مطابق گولائی میں تبدیل کرنا ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ایک نوڈ کو گولائی کے دائیں طرف لائیں، جبکہ دوسری نوڈ کو گولائی کے بائیں جانب لائیں۔

جب دونوں نوڈز کار کے کناروں کے ساتھ مل جائیں، تو پھر درمیان میں موجود لائن پر ماؤس کے ساتھ رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر اس مینیو میں سے Curve آپشن پر کلک کریں۔

اب ماؤس کے ساتھ لائن کو درمیان سے پکڑ کر باہر کی طرف کھینچیں، تاکہ وہ کار کی شکل کے مطابق گولائی میں آجائے۔

اسی طرح آپ آبجیکٹ کے ہر طرف نوڈز بناتے جائیں گے، اور ان نوڈز کے درمیان والی لائن کو آبجیکٹ کی شکل کے مطابق گولائی میں تبدیل کرتے جائیں گے۔ یوں آبجیکٹ کے گرد موجود بیک گراؤنڈ غائب ہو جائے گی۔

آبجیکٹ کے مختلف حصوں پر آپ کو بہت کم فاصلے پر نوڈز بنانا پڑ سکتی ہیں۔ جتنا باریکی کے ساتھ آپ نوڈز بنا کر انہیں گولائی میں تبدیل کریں گے، آپ کے کام کا نتیجہ اتنا ہی صاف اور معیاری ہوگا۔

(پوسٹ جاری ہے ۔ بقیہ اسی لڑی کے دوسرے مراسلے میں)